لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں 10 بلین ٹری سونامی کے تحت میاواکی اربن فارسٹ کا افتتاح کر دیا ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ دنیا کا سب سے بڑا میاواکی جنگل ہوگا۔ آنے والی نسلوں کے لیے ایک بہتر ملک چھوڑ کر جائیں گے۔ میاواکی فاریسٹ اگانے کے حوالے سے منتظمین کو مبارکباد دیتا ہوں۔ ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے موثر اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ لاہور باغوں کا شہر ہوتا تھا لیکن آج اس کا آلودہ ترین شہروں میں شمار ہوتا ہے۔ گلوبل وارمنگ کی وجہ سے زمین کے درجہ حرارت میں بہت اضافہ ہوا۔ میاواکی جنگلات سے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
خیال رہے کہ لاہور میں ایسے 53 جنگلات لگائے جا رہے ہیں جو لاہور کی فضا میں کاربن کی مقدار کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔ 100 کنال پر محیط جدید ٹیکنالوجی سے لگائے جانے والے اس جنگل میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 65 ہزارپودے لگائے جا رہے ہیں جو عام جنگلات کی نسبت دس گُنا زیادہ رفتار سے بڑھتے ہیں۔