پشاور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے جمعہ کے روز پشاور میں مغل دور میں بنائی گئی تاریخی عمارت علی مردان خان ویلا کادورہ کیا۔
اس موقع پر گورنرخیبرپختونخوا شاہ فرمان اور وزیراعلیٰ محمودخان کے علاوہ عسکری اورمحکمہ آثارقدیمہ کے حکام بھی موجود تھے۔ وزیراعظم کو علی مردان ویلاکی تعمیرنواورتزئین وآرائش سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم عمران خان نے مذکورہ عمارت کی بحالی اورتزئین وآرائش کےلئے محکمہ آرکیالوجی کی کاوشوں کو سراہا انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنے ثقافتی ورثے کی حفاظت کرکے آنے والی نسلوں کو اپنے تابناک ماضی کے بارے میں آگاہی دینی ہے وزیراعظم نے علی مردان ویلاکے مختلف حصوں کا دورہ بھی کیااوریہاں موجود مغلیہ دور کے آثارقدیمہ کامعائنہ کیا۔
یاد رہے کہ علی مردان ویلا 11کور آرمی ہیڈ کوارٹر کے اندر واقع ہے، یہ عمارت مغل دور حکومت میں علی مردان خان نے 17 ویں صدی میں بنائی تھی جومغل بادشاہ شاہجہاں کے دورحکومت کے مشہور سپہ سالار،انجینئراورکشمیر ،کابل اورلاہور کے گورنر رہے ہیں مغلیہ فن تعمیرکی یہ شاہکارعمارت اپنے دور کی خوبصورت ترین عمارتوں میں شامل تھی 2015سے پہلے مذکورہ عمارت عدم توجہ کی وجہ سے کھنڈرکامنظرپیش کررہی تھی جس پر محکمہ آرکیا لوجی نے پاک فوج کے تعاون سے 2015میں اسکی تعمیر نو اور تزئین آرائش شروع کی جواب مکمل ہوچکی ہے۔
تاریخی عمارت علی مردان خان کے بعد سکھ دور حکومت میں فرانسیسی نژاد جنرل کلاوڈ آگسٹ نے اس عمارت کو اپنا مسکن بنایا اور 1827 سے 1843 تک یہاں قیام پذیر رہے اسکے بعد 1847 میں لیفنٹنٹ جنرل سر جارج لاورنس جو پشاور کے پہلے ڈپٹی کمشنر تھے، نے اس عمارت کو سرکاری طور پر رہائش گاہ میں تبدیل کرکے اپنے خاندان کیساتھ مستقل سکونت اختیار کی بعد میں لیفٹننٹ جنرل ہیری بٹ بھی اس تاریخی عمارت میں رہے اسکے علاوہ یہ عمارت ریکارڈ روم کے طور پر بھی زیر استعمال رہی ہے۔