اسلام آباد: (دنیا نیوز، عمر جاوید جٹ) وزیراعظم عمران خان نے نظریں سندھ پر جما لیں، سندھ میں وفاقی اداروں کو مزید فعال بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے سندھ کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقاتیں کیں اور آئندہ چند دنوں میں سندھ کے دورے کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی۔وزیرِ اعظم عمران خان سے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی ملاقات ہوئی۔
ملاقات کرنے والوں میں وفاقی وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر، رکنِ قومی اسمبلی غوث بخش مہر، رکنِ صوبائی اسمبلی علی گوہر مہر اور صفدر عباسی شریک ہوئے۔
ملاقات کے دوران سندھ کی مجموعی صورتحال خصوصا امن و امان اور کورونا کی صورتحال اور عوام کو درپیش مسائل پر بات چیت کی گئی۔ سندھ میں وفاق کے جاری ترقیاتی منصوبوں خاص طور پر پہلے بڑے ٹرانسپورٹ منصوبے گرین لائن پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
وزیرِ اعظم نے گرین لائن کی متعین شدہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنانے اور سندھ پیکیج کے تحت منصوبوں پر بھی تیزی سے کام کرنے کی ہدایات جاری کیں۔۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سندھ اسٹریٹجی کمیٹی کا بھی اجلاس ہوا۔جس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، شاہ محمود قریشی، اسد عمر، حلیم عادل شیخ نے شرکت کی۔چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی، عامر کیانی اور سیف اللہ ابڑو شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران سندھ کی سیاسی اور انتظامی صورتحال پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی اداروں کے ذریعے سندھ میں ایکشن پلان کے حوالے سے عملی کام کا آغاز کیا جائے۔ اس حوالے سےوزیراعظم جلد سندھ کے دورے بھی کریں گے۔