آپ تبھی ہارتے ہیں جب کوشش ترک کردیتے ہیں،وزیراعظم کا نوجوانوں کیلئےپیغام

Published On 08 August,2021 04:31 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے پاکستانی نوجوانوں کا حوصلہ بڑھانے کیلئے اپنے ایک خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ آپ تبھی ہارتے ہیں جب کوشش ترک کر دیتے ہیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے لکھا کہ چاہتا ہوں کہ ہمارے پاکستانی نوجوان ٹوکیو اولمپکس 2020ء کی خواتین کی دوڑ کی ویڈیو دیکھیں اور اس سے وہ اہم ترین سبق حاصل کریں جو کھیل نے مجھے سکھایا ہے کہ ’’ آپ ہارتے تبھی ہیں جب آپ کوشش ترک کر دیتے ہیں ‘‘۔

اتوار کو وزیراعظم عمران خان نے اپنے ایک ٹویٹ کے ساتھ اولمپکس مقابلوں میں خواتین کی دوڑ کی ویڈیو شیئر کی جس میں ایک خاتون اتھلیٹ دوڑتے ہوئے گرنے کے بعد اٹھ کر دوبارہ مقابلہ میں شریک ہو کر مقابلہ جاری رکھتی ہےاور اول پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتی ہے۔

اپنے ایک دوسرے ٹویٹ میں وزیراعظم نے لکھا کہ کورونا ‏وبا سے نمٹنے کے حوالے سے ہماری حکمت عملی کی دنیا تعریف کر رہی ہے اور اللہ کریم کے فضل واحسان سے پاکستان کورونا وائرس کے مہلک ترین اثرات سے محفوظ رہا ہے۔

 

وزیراعظم عمران خان نے این سی او سی کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس قومی ادارے نے جس پورے انہماک اور یکسوئی سے اقدمات کئے وہ کورونا وائرس کے خلاف ہماری حکمت عملی کی اساس بنے رہے ہیں۔