'امید ہے ای ووٹنگ مشین سے ایسے انتخابی نتائج ملیں گے جن پر کسی کو اعتراض نہ ہو'

Published On 08 August,2021 03:16 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی بنائی ای ووٹنگ مشین کا معائنہ کیا۔ کہا امید ہے ہمیں آئندہ ایسے انتخابی نتائج ملیں گے جن پر کسی کو اعتراض نہ ہو۔ نوجوانوں کو پیغام دینے کے لیے ویڈیو بھی ٹویٹ کر دی، وزیراعظم نے کورونا صورتحال پر کہا کورونا کے خلاف پاکستان کی حکمت عملی کو دنیا نے سراہا۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی بنائی پاکستانی ساختہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا معائنہ کیا، ایسا لگتا ہے کہ آخر کار ہم پاکستان میں ایسے انتخابات کروا سکیں گے جہاں تمام امیدواروں کو نتائج کو قبول ہوں گے۔ وزیراعظم نےشبلی فراز اور ان کی ٹیم کو مبارکبادپیش کی۔

وزیراعظم عمران خان نے اولمپک دوڑ کی ویڈیو بھی ٹویٹ کردی۔ ویڈیو میں ریس کی ابتدا میں گرنے والی خاتون ایتھلیٹ کو ریس جیتے دیکھا جا سکتا ہے۔وزیراعظم نے نوجوانوں سے اپنے پیغام میں کہا میں چاہتا ہوں کہ پاکستان کے نوجوان ریس دیکھیں اور سبق سیکھیں،اس ویڈیو میں وہ سبق ہے جو کھیلوں نے مجھے سکھایا، آپ تب ہارتے ہیں جب آپ ہار مانتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا کے خلاف پاکستان کی حکمت عملی کو دنیا نے سراہا ہے۔ اللہ پاک کی رحمت کے باعث کورونا کی شدت کے باوجود پاکستانی محفوظ رہے۔ کورونا کے خلاف حکمت عملی بنانے پر این سی او سی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

 

 

Advertisement