راولپنڈی: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ پینے کے صاف پانی کیلئے این جی اوز سے مدد لی، پنجاب کے ہر قصبے کو صاف پانی کی فراہمی کا عزم ہے۔
گورنر پنجاب چودھری سرور نے راولپنڈی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے ہر قصبے اور گاؤں میں پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کا عزم کر رکھا ہے، ماضی میں صاف پانی کے منصوبوں پر اربوں روپے خرچ کیے گئے لیکن ان کی دیکھ بھال نہیں کی گئی، ماضی میں 20 ارب روپے کی لاگت سے صاف پانی مہیا کرنے کی مہم شروع کی گئی تھی۔
چودھری سرور کا کہنا تھا کہ ماہرین صحت کے مطابق 80 فیصد بیماریاں آلودہ پانی پینے کی وجہ سے ہوتی ہیں، وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوام کو پینے کا صاف پانی عبادت سمجھ کر فراہم کیا جائے، وزیراعظم کو پینے کے صاف پانی کے حوالے سے بریفنگ بھی دے چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 90 کروڑ کی لاگت سے بنائی گئی واٹر سپلائی سکیم 4 ماہ میں بند ہوگئی تھی۔