اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ 74 سالہ سفر میں مختلف چینلجز میں سرخرو ہوئے، جوہری طاقت بننا بڑی کامیابی ہے، ہمارا ماضی، حال اور مستقبل ہماری سمت کا تعین کرتا ہے۔
صدر مملکت عارف علوی نے پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ماضی، حال اور مستقبل ہماری سمت کا تعین کرتا ہے، پاکستان زرعی ملک کیساتھ ساتھ اب صنعتی ملک بھی بنتا جا رہا ہے، افغانستان کے حالات خراب ہونے پر پاکستان نے دہشتگردی کا سامنا کیا، پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں جانیں قربان کیں، پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں کامیابی حاصل کی، پاکستان نے 35 لاکھ افغان مہاجرین کو جگہ دی، دیگر ممالک کا جائزہ لیں تو مہاجرین کو سمندر میں ڈوبنے دیا جاتا ہے۔
عارف علوی کا کہنا تھا کہ قوم نے ثابت کیا مشکل اور آزمائش آنے پر پورا اترتے ہیں، ہم نے کورونا میں مساجد کھلی رکھیں اور وبا کا مقابلہ کیا، کورونا وبا کے باوجود معیشت ترقی کرتی رہی، دنیا دیکھ رہی ہے پاکستان کی شرح نمو 4 فیصد تک پہنچ گئی، اسٹاک ایکس چینج نے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو کہا گیا آؤ غربت کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششیں کریں، بھارت نے ہماری امن کی پیشکش کو کمزوری سمجھا۔