ایف آئی اے کا مقدمہ: شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں میں 4 ستمبر تک توسیع

Published On 16 August,2021 11:45 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی بینکنگ عدالت نے ایف آئی اے کے مقدمے میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں میں 4 ستمبر تک توسیع کر دی جبکہ احتساب عدالت نے دونوں رہنماؤں کے خلاف نیب کے تین مختلف ریفرنسز میں کارروائی 16 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف ایف آئی اے اور نیب ریفرنسز پر سماعت ہوئی۔ ایف آئی اے کے مقدمے میں عبوری ضمانت کی میعاد ختم ہونے پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز بینکنگ عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت شہباز شریف کے وکلاء نے استدعا کی کہ سینئر وکیل امجد پرویز موجود نہیں، اس لیے سماعت ملتوی کر دی جائے، قومی اسمبلی کے آئندہ سیشن کے باعث کیس کی لمبی تاریخ دی جائے۔ عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں میں 4 ستمبر تک توسیع کر دی۔

دوسری جانب احتساب عدالت میں شہباز فیملی کے خلاف آشیانہ اقبال، منی لانڈرنگ اور رمضان شوگر ملز ریفرنس پر سماعت ہوئی۔ جج کی عدم تعیناتی کے باعث ریفرنسز پر کوئی کارروائی نہ ہوسکی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر نیب کے گواہوں کو طلب کرتے ہوئے کارروائی 16 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیشی کے موقع پر لیگی کارکن بڑی تعداد میں موجود تھے۔ کارکنوں نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی گاڑیوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور نعرے لگائے۔

میڈیا سے گفتگو میں لیگی رہنما عطاء اللہ تارڑ نے حکومت کو ایک بار پھر تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ہائیکورٹ کو خط لکھنا غیر آئینی عمل ہے، وفاقی حکومت کا خط کیسز پر اثرانداز ہونے کی کوشش ہے۔
 

Advertisement