مظفر آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے امیدوار بیرسٹر سلطان آزاد کشمیر کے صدر منتخب ہو گئے، انہوں نے 34 ووٹ حاصل کئے۔ موجودہ صدر مسعود خان 24 اگست کو اپنی پانچ سالہ صدارتی مدت پوری کریں گے جس کے بعد سلطان محمود حلف اٹھائیں گے۔
مظفرآباد میں قانون ساز اسمبلی کے ارکان نے اگلے پانچ سال کے لئے صدر منتخب کر لیا۔ پی ٹی آئی کے صدارتی امیدوار بیرسٹر سلطان محمود کی پوزیشن پہلے ہی مضبوط تھی، ان کو مسلم کانفرنس کے سردار عتیق اور جموں و کشمیر پیپلزپارٹی کے حسن ابراہیم کی بھی حمایت حاصل تھی۔
قانون ساز اسمبلی میں پی ٹی آئی کے 32، پاکستان پیپلزپارٹی کے 11، مسلم لیگ نوازکے 7، آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس اور جموں و کشمیر پیپلزپارٹی کا ایک ایک ووٹ تھا۔ بیرسٹر سلطان محمود ایل اے 3 میرپور سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے۔ صدر منتخب ہونے پر وہ اسمبلی سیٹ چھوڑ دیں گے۔
یاد رہے بیرسٹر سلطان 2015 سے پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے صدر ہیں۔ بیرسٹر سلطان 1985 سے نویں بار رکن قانون ساز اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔