ٹک ٹاکر لڑکی سے دست درازی پر سخت ردعمل، ملزمان کیخلاف سخت کارروائی پر زور

Published On 18 August,2021 01:53 pm

لاہور: (دنیا نیوز) یوم آزادی کے موقع پر گریٹر اقبال پارک میں ٹک ٹاکر لڑکی سے دست درازی کے واقعہ پر سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔ ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان نے واقعہ کو انتہائی شرمناک اور بہیمانہ فعل قرار دیا، شیریں مزاری نے ملزمان کے خلاف سخت کارروائی پر زور دیا، شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ واقعہ سماج کی پستی کو ظاہر کرتا ہے۔

خواتین کی عزت سب پر فرض ، مگر گریٹر اقبال پارک میں پیش آئے دست درازی کے واقعہ نے سبھی کو ہلا کے رکھ دیا، ویڈیو وائرل ہوئی تو سخت ردعمل سامنے آیا۔ ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان نے واقعہ کو انتہائی شرمناک اور بہیمانہ فعل قرار دیا، اُنہوں نے متاثرہ لڑکی سے رابطہ کرکے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ، کہا ملزمان سزا سے بچ نہیں سکیں گے۔

وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے اپنے ٹویٹر پیغام میں واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا اور پنجاب حکومت سے واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ٹویٹر پیغام میں واقعہ کو انتہائی شرمناک قرار دیا ،کہا تشویشناک بات یہ ہے کہ ہمارا معاشرہ کس سمت جارہا ہے؟ یہ کیفیت مضبوط کیفیت رکھتی ہے جو افسوسناک ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے بھی واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کی ، کہا لڑکی سے دست درازی اور زدوکوب کرنا ہر پاکستانی کیلئے باعثِ شرم ہے۔

ٹک ٹاکر لڑکی اور اُس کے ساتھیوں سے دست درازی کا واقعہ 14اگست کو پیش آیا ، پولیس کے مطابق 400 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ۔ ویڈیو کی مدد سے جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔