کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کی ڈپٹی کنوینر نسرین جلیل کہتی ہیں کہ مینار پاکستان واقعہ پر ہم بطور پاکستانی قوم شرمسار ہیں۔
ایک بیان میں نسرین جلیل کا کہنا تھا کہ تسلسل کے ساتھ اس طرح کے واقعات ہمارے معاشرتی انحطاط کی طرف اشارہ کر رہے ہیں، ہمیں قوم کی حیثیت سے اپنے انسانی، اخلاقی و معاشرتی احتساب کی ضرورت ہے، اس حوالے سے سیاسی قائدین، اساتذہ کرام اور ہر ذی شعور کو آگے آکر کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ آج ملک کی مائیں، بہنیں اور بیٹیاں خود کو غیر محفوظ تصور کر رہی ہیں، اس حوالے سے سخت قوانین نافذ کرنے کی ضرورت ہے، جہاں قوانین میں مزید بہتری کی گنجائش ہے وہاں مقننہ اپنا کردار ادا کرے، ہمارا مطالبہ ہے کہ مینار پاکستان واقعے میں ملوث افراد کو گرفتار کرکے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور دعا ہے کہ اللہ ہم سب کو ایک بہتر معاشرے کی تکمیل میں کردار ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔