گوادر حملہ، پاکستان جامع تحقیقات کر کے مجرموں کو سخت سزا دے: چین

Published On 21 August,2021 05:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چین نے گوادر حملے کے بعد مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان جامع تحقیقات کر کے مجرموں کو سخت سزا دے۔

اسلام آباد میں چین کے سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ رات گوادر ایکسپریس وے منصوبے پر چینی عملے کے قافلے پر حملہ کیا گیا جس میں ایک چینی زخمی، دو مقامی بچے جاں بحق اور کئی زخمی ہوئے۔ واقعے کے فوری بعد پاکستانی حکام نے زخمیوں کو علاج کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا۔

چینی سفارت خانہ دہشتگردی کے اس واقعے کی سختی سے مذمت اور واقعے میں دونوں ملکوں سے متعلق رکھنے والے زخمیوں سے ہمدردی کا اظہار کرتا ہے۔


چینی سفارت خانے نے پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ زخمیوں کا علاج کیا جائے ، حملے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور مجرموں کو سخت سزا دی جائے۔ اس کے ساتھ ہی پاکستان میں ہر سطح پر متعلقہ محکموں کو حفاظتی اقدامات اور سیکیورٹی تعاون کے طریقہ کار کو بہتر بنانے کے لیے عملی اور موثر اقدامات کرنے ہوں گے تاکہ اس طرح کے واقعات دوبارہ نہ ہوں۔

چینی سفارت خانے نے پاکستان میں موجود تمام چینی شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ چوکس رہیں، حفاظتی احتیاطی تدابیر مزید سخت کریں، غیر ضروری طور پر باہر جانا کم کریں۔