لاہور: (دنیا نیوز) شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں دہشت گرد ہلاک ہو گیا۔ دوسری جانب بلوچستان میں فوجی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرانے سے کیپٹن مادر وطن پر قربان ہو گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کےعلاقے بویا میں کارروائی کی، فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد ہلاک ہو گیا جس کے قبضے سے اسلحہ اور گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔ علاقےمیں مزید دہشتگردوں کے قلع قمع کیلئےآپریشن جاری ہے۔
دوسری جانب بلوچستان کےعلاقے توبوگچک میں فورسزکی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ایک کیپٹن شہید جبکہ 2 جوان زخمی ہو گئے۔ جام شہادت نوش کرنے والے کیپٹن کا نام کاشف بتایا گیا ہے، زخمی جوانوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔