اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر اینڈرولا کامینارا نے افغانستان سے انخلا میں تعاون پر پاکستان کا بھرپور شکریہ ادا کیا ہے۔
اپنے ٹویٹ میں اینڈرولا کامینارا نے کہا کہ افغانستان سے ان کا انخلا مکمل ہو چکا ہے اور اسلام آباد ایئرپورٹ کے ذریعے اس انخلا کے لئے دن رات کام کرنے پر وہ پاکستان کی وزارت خارجہ، پی آئی اے ، اسلام آباد ایئرپورٹ کے عملہ ، سول ایوی ایشن اتھارٹی اور ای یو پاکستان ٹیم کا بے حد شکریہ ادا کرتی ہیں۔انہوں نے اپنے ٹویٹ کے ساتھ اسلام آباد ایئر پورٹ پر یورپی شہریوں اور ان کی مدد کرنے پاکستانی حکام اور عملہ کی تصاویر بھی شیئر کی ہیں۔
اپنے ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کو یورپی فضائی حدود میں پروازوں کی اجازت دینے کے معاملے پر پیش رفت ہو رہی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ یورپی یونین کی فضائی حدود تک رسائی کے لئے یورپی ایوی ایشن اتھارٹی کے قوانین انتہائی شفاف ہیں اور یورپی یونین اور پی آئی اے زیر التوا امور پر مل کر کام کر رہے ہیں اور اس سلسلہ میں پیش رفت ہو رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ہم اسلام آباد ایئر پورٹ سے یورپی ممالک کے لئے پی آئی اے کا استعمال نہیں کر سکے تاہم پی آئی اے نے اس انخلا میں قابل قدر معاونت کی۔