لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں نئے بلدیاتی نظام کے حوالے سے تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کی قیادت کی اعلی سطحی مشاورت ہوئی۔ دونوں جماعتوں نے صوبہ میں متوازن بلدیاتی نظام لانے پر اتفاق کیا۔
پنجاب میں نیا بلدیاتی نظام لانے کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اورمسلم لیگ ق کی قیادت میں اعلی سطحی مشاورت ہوئی۔ ویڈیو لنک پر ہونے والے اجلاس میں نئے بلدیاتی نظام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پی ٹی آئی سے وفاقی وزرا ء شاہ محمود قریشی ، اسد عمر، غلام سرور،پنجاب کے وزرا ء میاں محمود الرشید، راجہ بشارت ، میاں اسلم اقبال اور ہاشم جواں بخت نے شرکت کی۔
پاکستان مسلم لیگ ق کی جانب سے وفاقی وزرا ء طارق بشیر چیمہ اور مونس الہی نے اجلاس میں شرکت کی ۔۔
دونوں حکمران جماعتوں نے پنجاب میں متوازن بلدیاتی نظام لانے پر اتفاق کیا۔
پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ق کے درمیان میئر کا انتخاب براہ راست کرانے پر اتفاق ہو گیا، اجلاس میں ضلع ناظم کا سیٹ اپ لانے پر بھی مشاورت کی گئی ۔ تحصیل اور ضلع کی سطح پر اختیارات کی تقسیم کی تجاویز پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں طے تجاویز کی حتمی منظوری آئندہ ہفتے وزیر اعظم عمران خان سے لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اتحادی قیادت نے پنجاب میں جلد بلدیاتی انتخابات کروانے پر بھی اتفاق کیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق ملکر پنجاب اسمبلی سے نیا قانون پاس کروائے گی۔