عثمان بزدار "ترقی سب کیلئے" پر عمل پیرا، کسی علاقے سے زیادتی نہیں ہوگی: فیاض چوہان

Published On 03 September,2021 02:05 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان نے کہاہے کہ عثمان بزدار "ترقی سب کے لیے" کے نعرے پر عمل پیرا ہیں، اب کسی علاقے، کسی ضلع کے ساتھ وسائل کی تقسیم بارے زیادتی نہیں ہوگی۔

ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ دن ہوا ہوئے جب پسماندہ علاقوں کے لیے مختص فنڈز من پسند اضلاع میں لگائے جاتے تھے۔ آج پنجاب کے چپے چپے میں فنڈز اور ترقیاتی منصوبوں کی یکساں تقسیم ہو رہی ہے۔ راولپنڈی، لاہور ہو یا کوہ سلیمان، ہر جگہ ضروری ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔

ترجمان حکومت پنجاب نے کہا کہ فورٹ منرو کے لیے تقریباً 90 کروڑ سے آٹھ منومصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد اس سلسلے کی کڑی ہے۔ فورٹ منرو واٹر سپلائی، ریسکیو سٹیشن، سکولوں اور ریزارٹ اپ گریڈیشن، سڑکوں کی تعمیر شامل ہیں۔ اسی طرح راولپنڈی کے شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کے لیے ڈھڈوچہ ڈیم کی تعمیر کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ تکمیل کے بعد یہ ڈیم روزانہ 35 ملین گیلن صاف پانی راولپنڈی کے شہریوں کو مہیا کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کوہ سلیمان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی بحالی اور فعال ہونے سے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ہو سکے گی۔ "بزدار حکومت کا نعرہ، سارا پنجاب ہمارا" کی بنیاد پر ہے۔

 

Advertisement