بھکر: (ویب ڈیسک) ملک کے سب سے بڑے صوبے میں ایک دلچسپ پیشرفت سامنے آئی ہے ، اینٹی کرپشن پنجاب نے کارروائی کرتے ہوئے قلفی کھانے والے کرپٹ پولیس اہلکار کو گرفتار کر لیا۔ جس کی جیب سے ہزاروں روپے برآمد ہوئے۔
اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ویڈیو اپ لوڈ کی گئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اینٹی کرپشن پنجاب ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم ایک آفس میں داخل ہو رہی ہے، جہاں پر انہوں نے ایک ٹریفک اہلکار کو گرفتار کیا جو گرمی کے اثر کو ختم کرنے کے لیے قلفی سے محظوظ ہو رہا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اینٹی کرپشن کی ٹیم سب سے پہلے کرپٹ ٹریفک پولیس اہلکار سے قلفی واپس لیتی ہے اور اس کے بعد پولیس اہلکار کی جیب سے پیسے حاصل کرتی ہے جو اہلکار نے کرپشن کی مد میں حاصل کیے تھے، جس وقت اس کی جیب سے پیسے نکالے گئے اس وقت ٹریفک پولیس اہلکار دنگ رہ گیا۔
قُلفی کھانے کا مزہ حلال کی کمائی سے ہے۔ محکمہ ٹریفک پولیس بھکر کا ہیڈ کانسٹیبل محمد ادریس اٹھارہ ہزار رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار ۔ جب اینٹی کرپشن نے چھاپہ مارا کرپٹ اہلکار مزے سے قُلفی کھا رہا تھا۔ @waqarazeemjappa @GovtofPunjabPK @MashwaniAzhar pic.twitter.com/d5n0VrSlOl
— Anti-Corruption Establishment, Punjab (@ace_punjab) August 31, 2021
اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا تھا کہ قلفی کھانے کا مزہ حلال کی کمائی سے ہے۔ محکمہ ٹریفک پولیس بھکر کا ہیڈ کانسٹیبل محمد ادریس 18 ہزار رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار ہوا جب اینٹی کرپشن نے چھاپہ مارا کرپٹ اہلکار مزے سے قُلفی کھا رہا تھا۔
اس کارروائی کے بعد کئی سوشل میڈیا صارفین جنہوں نے ٹریفک پولیس کے رویے کے خلاف اپنا غصہ ظاہر کیا ، نے اینٹی کرپشن پنجاب کی کارروائی کو سراہا ہے جبکہ دیگر صارفین نے احتساب کے تعصب پر سوال اٹھائے ہیں۔