لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کا لاہور میں 3 نئے ٹراما سینٹرز اور ایمرجنسی بلاک کے منصوبے شروع کرنے کا اعلان، سروسز ہسپتال میں ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی رہائش گاہوں کا ماسٹر پلان بھی طلب کر لیا۔
تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے زیر صدارت 4 گھنٹے طویل اجلاس ہوا جس میں عوام کو صحت کی معیاری سہولتیں فراہم کرنے کے لئے محکمہ صحت کے جاری منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
اس کے علاوہ اجلاس میں ہیلتھ انشورنس پروگرام کے تحت پنجاب کی پوری آبادی کو صحت انصاف کارڈ کی فراہمی پر غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے 7 روز میں سروسز ہسپتال ایمرجنسی بلاک اور بلڈنگ سٹرکچر کا پلان پیش کرنے کی ہدایت کی۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ لاہورمیں 3 نئے ٹراما سنٹرز اورایمرجنسی بلاک کے منصوبے شروع کئے جائیں گے۔ سروسز ہسپتال میں 200 بستروں پر مشتمل نیا ایمرجنسی بلاک بنایا جائے گا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ جناح ہسپتال کے سامنے 56 کنال اراضی پر ٹراما سینٹر اور ایمرجنسی بلاک بنایا جائے گا جبکہ فیروز پور روڈ پر 123 کنال اراضی پر ایک ہزار بیڈز کا ہسپتال بنائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مدر اینڈ چائلڈ ہسپتالوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار دور دراز علاقوں میں ایسے شفا خانے بنائے جا رہے ہیں۔ گنگا رام ہسپتال میں مدر اینڈ چائلڈ بلاک کو جلد مکمل کیا جائے گا۔
اجلاس میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، مشیر صحت حنیف پتافی اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔