لیہ: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ میدان چھوڑ کر وزیراعظم عمران خان کو فری ہینڈ دینے والے دوست بھی ہماری سرگرمیوں سے خوش نہیں۔ اگر ن ليگ اور مولانا مان جائيں تو اس حکومت کو نکال سکتے ہيں۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کروڑ لعل عیسن کے ورکرز کنونشن میں شرکت کی، اس دوران بہادر خان سیہڑ باضابطہ طور پر پاکستان پیپلزپارٹی کا حصہ بن گئے، بہادر خان سیہڑ دو مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے، وفاقی کابینہ میں وزیر بھی رہے۔
دوسری طرف پاکستان پیپلزپارٹی کے قافلے میں پاکستان مسلم لیگ ن کے سابق رکن پنجاب اسمبلی رہنے والے چودھری اشفاق احمد بھی شامل ہوگئے، بلاول بھٹو زرداری کی موجودگی میں چودھری اشفاق احمد نے پی پی پی میں شمولیت اختیار کی۔
بعد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ لیہ کے جیالوں نے دل جیت لیے، پیپلزپارٹی عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے، پیپلزپارٹی نے کسانوں اور مزدوروں کو حقوق دلوائے، غریب کے منشور پر مل کر عمل کریں گے۔
اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ جیالے پنجاب کےعوام کو لاوارث نہیں چھوڑسکتے، پنجاب کےعوام کےساتھ تاریخی ظلم ہو رہا ہے، ہمارے دوست میدان چھوڑ چکے ہیں، ہمارے اتحادیوں نے پنجاب میں عمران خان کو فری ہینڈ دیا ہے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سینیٹ میں ہم نے یوسف رضا گیلانی کو منتخب کراکرثابت کردیا عمران کے پاس میجورٹی نہیں، ساتھیوں سے مطالبہ ہے اٹھو شیر بنو، نکلو، جدوجہد کرو، ہم نے ساتھیوں کو راستہ دکھادیا ہے۔
پی ڈی ایم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عثمان بزدارکے خلاف عدم اعتماد لیکر آؤ، ہم پنجاب کے عوام کو لاوارث نہیں چھوڑ سکتے، پہلے عثمان بزدار پھر عمران کے خلاف عدم اعتماد لاؤ۔ ہم نے یوسف رضا گیلانی کوجتوا کرثابت کردیا عمران کوگراسکتے ہیں، اگرمولانا فضل الرحمان،(ن)لیگ چاہے توہم کل ان کوگراسکتے ہیں
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عوام تاریخی مہنگائی، غربت اور بیروزگاری کا مقابلہ کررہی ہے، ہر روز ایک نیا معاشی بم پھٹتا ہے، کبھی بجلی تو کبھی گیس تو کبھی پٹرول کی قیمت میں اضافہ ہو رہا ہے،
ان کاکہنا تھا کہ بینظیربارے مشہورتھا ان کی حکومت آئے گی توروزگارلائے گی۔ قائد عوام نے مزدوروں کوملوں کا مالک بنادیا تھا۔ پنجاب کے بزرگ بھٹو کی حکومت کو یاد کرتے ہیں۔ آصف زرداری حکومت میں محنت کش، مزدوروں کا راج تھا، پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کیا گیا۔
چیئر مین پی پی کا کہنا تھا کہ صوبے میں ایک سازش کے تحت پنجاب کوعوامی حکومت سے محروم رکھا گیا۔ جیالے ساتھ دیں ہم نے سلیکٹڈ کو گھر بھیجنا ہے۔
بلاول کا کہنا تھا کہ حکومت الیکشن کمیشن پر حملہ کررہی ہے ، یہ عوام کے ووٹ پر ڈاکا ڈالنا چاہتے ہيں ، پیپلزپارٹی الیکشن کمیشن کے ساتھ کھڑی ہے ، الیکشن کمیشن اپنا اختیار استعمال کرے اور جن لوگوں نے ادارے پر حملہ کیا انہيں نااہل کرے۔