خطے میں امن کیلئے پاکستان اور عمران خان کا اہم کردار ہوگا: شیخ رشید

Published On 11 September,2021 10:22 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ خطے میں امن کے لئے پاکستان اور عمران خان کا اہم کردار ہوگا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بھارت کو تکلیف ہے کہ اب اسکو عالمی سیاست میں عبرت ناک شکست ہوئی ہے ،جس سرزمین سے وہ ہمارے خلاف 66 کیمپ چلا رہا تھا ، این ڈی ایس اے کے ساتھ ملکر پاکستان کے خلاف دہشت گردی کررہا تھا وہاں اسے شکست کھانا پڑی ہے۔ بھارتی میڈیا غلط بیانی کررہا ہے، بھارت کو عالمی سیاست میں منہ کی کھانا پڑی ہے، بھارت کو پریشانی اسی بات کی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ساری دنیا کو معلوم ہے کہ اس خطے کا امن ساری دنیا کے خطے کے امن سے وابستہ ہے، ہماری کوشش ہے خطے میں امن ہو اور امن ہی ہمارا بیانیہ ہے، امن ہوگا تو دنیا میں بہتر پیغام جائے گا ۔ توقع ہے کہ موجودہ حالات میں امریکا افغانستان کی امداد کرے گا، اب اگر وہ اکائونٹ منجمد کریں گے تو اس سے انسانی بحران جنم لے سکتا ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اس خطے میں امن کے لئے پاکستان اور عمران خان کا اہم کردار ہوگا، فیصلہ عمران خان نے کرنا ہے کہ اسے طالبان حکومت کو کب تسلیم کرنا ہے اور کب نہیں ،دنیا کے ساتھ چلنا ہے تو کیسے چلنا ہے یہ فیصلہ عمران خان کا ہوگا۔ افغانستان میں پاک فوج، ایف ائی اے، امیگریشن اور حکومت نے ملکر ہزاروں لوگوں کا انخلا کروایا ہے، یہ فیصلہ وزارت داخلہ نے انسانی بنیادوں پر کیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ طالبان جانے اور افغانستان جانے،جنھوں نے وہاں امن کے لیے دستخط کیے اٹھارہ مہینے مذاکرات کیے، چالیس سال بعد افغنستان میں امن کی فضا بنی ہے۔
 

Advertisement