وزیراعظم کی لاہور کے اراضی ریکارڈ کی ڈیجیٹیلائزیشن کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت

Published On 09 September,2021 08:21 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے لاہور کی زمینوں کے ریکارڈکی ڈیجیٹلائزیشن جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ عوام کو قبضہ اور تجاوزات مافیا کے خلاف ریلیف مل سکے۔

انہوں نے یہ ہدایات رہائش، تعمیرات اور ترقی کی قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کے دوران دیں۔

وزیراعظم کو لاہور میں جاری ملکیتی نقشے کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ منصوبے پر خوش اسلوبی سے کام جاری ہے اورآ ئندہ ماہ کی پندرہ تاریخ تک مکمل ہو جائے گا۔

انہیں وزارت رہائش اور تعمیرات کے تحت زیر تکمیل مختلف رہائشی منصوبوں پر پیش رفت کے بارے میں بھی بتایا گیا۔

یہ بھی بتایا گیا کہ وزارت 463 ارب روپے کی لاگت سے چھیاسی ہزار تین سو تئیس مکانات تعمیر کر رہی ہے۔ ان منصوبوں کے تحت تعمیراتی سرگرمیاں تیز ہو رہی ہیں جس سے ملک میں دولاکھ سے زائد ملازمتوں کے مواقع پیداہوں گے۔

اس کے علاوہ تعمیراتی سرگرمیوں سے بیس کھرب روپے سے زائد مالیت کی معاشی سرگرمیاں پیدا ہوں گی۔

وزیراعظم نے اعادہ کیا کہ کثیر المنزلہ عمارتوں کی شکل میں عمودی تعمیرات کو فروغ دینا حکومت کی ترجیح ہے جس سے بڑھتی ہوئی آبادی کی ضروریات پوری ہوں گی اور شہروں کے ڈیجیٹل ملکیتی نقشے کے مطابق زمین کے موثر استعمال کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔
 

Advertisement