وزیراعلیٰ بلوچستان کیخلاف اپوزیشن نے تحریک عدم اعتماد جمع کروا دی

Published On 14 September,2021 11:11 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد متحدہ اپوزیشن کی جانب سے جمع کرا دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان کے خلاف تحریک عدم اعتماد سیکریٹری بلوچستان اسمبلی کے پاس جمع کرا دی گئی جس پر اپوزیشن کے 16 ارکان کے دستخط موجود ہیں۔

تحریک عدم اعتماد میں جن 16 اپوزیشن ارکان کے دستخط ہیں ان میں اپوزیشن لیڈر ملک سکندر، ثناء بلوچ، نصر اللہ زیرے، اصغر ترین، زابد ریکی، یونس عزیز زہری، اختر لانگو، ملک نصیر شاہوانی اور دیگر شامل ہیں۔

اپوزیشن اراکین نے تحریک عدم اعتماد جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 4 نکات پر عدم اعتماد جمع کرائی گئی ہے، 3 سال کے دوران جام کمال حکومت کی جو کارکردگی رہی اس پر انہیں مزید حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں، آج جو حالات ہیں صوبے کا ہر شخص اس حکومت کا خاتمہ چاہتا ہے۔ صوبے میں بدامنی ،کرپشن اور لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم ہے۔

اپوزیشن اراکین کا تحریک کے حوالے سے کہنا تھا کہ تحریک کی کامیابی کے لیے انکے پاس مطلوبہ تعداد پوری ہے، فی الحال مطلوبہ تعداد سامنے نہیں لائیں گے۔ اسمبلی اجلاس کے روز سارے نمبر پورے ہو جائیں گے۔

Advertisement