پاک بحریہ کے سربراہ کادورہ امریکہ، 24ویں انٹرنیشنل سی پاور سمپوزیم میں شرکت

Published On 19 September,2021 11:19 am

کراچی: (دنیا نیوز) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نےدورہ امریکہ کے دوران 24ویں انٹرنیشنل سی پاور سمپوزیم میں شرکت کی۔ سمپوزیم میں 80 سے زائد ممالک کے وفود ، بحری افواج اور کوسٹ گارڈ کے سربراہان بھی شریک ہوئے۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق سمپوزیم میں مشترکہ میری ٹائم چیلنجز اور بین الاقوامی سطح پر میری ٹائم سیکیورٹی میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سربراہ پاک بحریہ نے امریکہ کے سیکرٹری آف نیوی کارلوس ڈل ٹورو اور امریکی بحریہ کے دیگر اعلی حکام سے اہم ملاقاتیں کیں۔ نیول چیف نے ارجنٹینا، فرانس، جرمنی، گھانا، جاپان، سری لنکا اور ترکی کی بحری افواج کے سربراہان سے بھی الگ الگ خصوصی ملاقاتیں کی جن کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ سربراہ پاک بحریہ نے یو ایس سرفیس وارفیئر سکول کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں عالمی سطح پر میری ٹائم ڈومین میں ابھرتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کیلئےامریکی بحری افواج کے کردار پر بریفنگ دی گئی۔ نیول چیف کے اس دورے سے سمپوزیم میں شریک دیگر ممالک کی بحری افواج کے ساتھ علاقائی اور عالمی سطح پر سمندری تحفظ کیلے دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔
 

Advertisement