اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چودھری نے کہا ہے کہ ملک کے خلاف ہر دور میں سازشیں ہوتی رہیں، پاکستان ہر بار نئی طاقت کے ساتھ ابھرا، پاکستان کو کمزور بنانے کیلئے کئی ملکوں نے مل کر سازش کی، بھارت کی موجودہ قیادت پاکستان کیساتھ اچھے تعلقات میں رکاوٹ ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے اسلام آباد میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے افغانستان میں بلین ڈالرز کی انویسٹمنٹ کی مگر قسمت نے ان کا ساتھ نہیں دیا، افغانستان میں بھارت کی ساری انویسٹمنٹ ضائع ہوگئی، ہم بھارت سے بھی اچھے تعلقات چاہتے ہیں، بھارت سے اچھے تعلقات میں رکاوٹ موجودہ حکمران پارٹی بی جے پی ہے، بی جے پی مسلمانوں کے قتل عام کے نام پر ووٹ لیکر آتے ہیں۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ سابق افغان صدر اشرف غنی افغانستان سے فرار ہوگئے، پاکستان میں کئی سال تک حکمرانی کرنیوالے لندن میں مفرور کی زندگی گزار رہے ہیں، آج نواز شریف بھی بے ایمانی کے باعث مفروریت کی زندگی گزار رہے ہیں۔