کراچی: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے اورنگی اور گجر نالہ کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے متاثرین کو تمام سہولیات کے ساتھ ایک سال میں بسائے جانے کا حکم دے دیا۔
سپریم کورٹ نے اورنگی اور گجر نالہ کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔ عدالت نے کہا کہ ایڈوکیٹ جنرل نے متاثرین کی بحالی میں فنڈز کی کمی کا دعوی کیا، فنڈز کی کمی سے متعلق سندھ حکومت کا موقف قابل قبول نہیں، وزیر اعلی سندھ متاثرین کی بحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں، متاثرین کو تمام سہولیات کے ساتھ ایک سال میں بسایا جائے، وزیر اعلی سندھ اقدامات سے متعلق دو ہفتے میں ابتدائی رپورٹ پیش کریں۔
کراچی میونسپل کارپوریشن نے عدالت سے شکوہ کیا۔ کے ایم سی کے وکیل نے کہا سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے حکم امتناعی اور ہمارے افسران پر توہین عدالت لگائی جا رہی ہے۔ چیف جسٹس نے کے ایم سی کو درخواست دائر کرنے کی ہدایت کردی۔
سپریم کورٹ نے نسلا ٹاور کیس کا مختصر فیصلہ بھی جاری کر دیا۔ عدالت عظمیِ نے مالکان اور الاٹیز کی نظرثانی کی درخواستیں مسترد کر دیں۔ سپریم کورٹ کے مطابق تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔ عدالت نے کمشنر کراچی کو 16 جون کے حکم پر عمل درآمد کا تحریری حکم دے دیا۔
دوسری جانب کلفٹن میں رفاعی پلاٹوں پر دو نجی اسپتالوں کی تعمیر کیس کی سماعت ہوئی۔ سپریم کورٹ نے شہر بھر کے رفاعی پلاٹوں کی تفصیلات طلب کرلیں۔ ڈی جی کے ڈی اے، کمشنر کراچی، ایڈمنسٹریٹر کراچی اور تمام کنٹونمنٹس کو بھی نوٹس جاری کر دیئے۔ رفاعی پلاٹوں کی فہرست، تعمیرات سے متعلق تفصیلات پیش کرنے کا حکم دیا۔