گوادر سی پیک کے لئے کلیدی اہمیت رکھتا ہے: وزیراعلیٰ بلوچستان

Published On 23 September,2021 07:10 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعلی بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ گوادر سی پیک کے لئے کلیدی اہمیت رکھتا ہے، جس سے چین کے مغربی حصے کو بحر ہند اور خلیجی خطے سے جوڑنے کا مختصر ترین راستہ فراہم کرتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ بلوچستان نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) مشترکہ تعاون کمیٹی کے دسویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعلی نے کہا کہ ہمارے پاس ایشیا میں تانبے، سونے، کرومائٹ اور کوئلے کے سب سے بڑے ذخائر ہیں، چینی کمپنیاں پہلے ہی بلوچستان میں معدنیات کے شعبے میں کام کررہی ہیں، بلوچستان میں سی پیک پروجیکٹس روزگار کے مواقعوں کے ساتھ ساتھ شہریوں کی بنیادی ضروریات کو پورا کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان چینی سرمایہ کاروں اورکمپنیوں کےلئےسازگار ماحول کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے، بلوچستان میں کام کرنے والے چینی باشندوں اور چائنیز کمپنیوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں، صوبے میں چینی سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے فریم ورک تیار کیا ہے، نئی اراضی لیز پالیسی کا اعلان کیا ہے جبکہ نجی شعبے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ متعارف کرایا ہے۔
 

Advertisement