کوئٹہ: (دنیا نیوز) ایف سی بلوچستان نے خفیہ اطلاعات پر آپریشن کرکے 6 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق فرنٹیر کور (ایف سی) بلوچستان نے خاران کے قریب دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر آپریشن کیا، یہ آپریشن خفیہ اطلاعات پر کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے اپنے ٹھکانے سے فرار ہونے کی کوشش کی۔ اسی دوران ایف سی جوانوں کی جانب سےعلاقے کا محاصرہ کیا جس کے باعث دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایف سی بلوچستان کی جانب سے آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں دو کمانڈروں سمیت 6 دہشتگرد مارے گئے جبکہ بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں کمانڈر گل میر، کلیم اللہ بولانی شامل ہیں۔