کراچی: (دنیا نیوز) بحیرہ عرب میں ڈیپ ڈپریشن، کراچی میں طوفانی بارشوں کا خطرہ ٹل گیا، وقفے وقفے سے بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے۔ ممکنہ طوفان کا رخ مکران کی ساحلی پٹی کی جانب ہوگیا۔ بلوچستان میں طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کر دی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں طوفانی بارش کا امکان نہیں، بلوچستان میں ہوسکتی ہے، ڈیپ ڈپریشن سندھ کی ساحلی پٹی سے دور ہوتا جائے گا، شہر میں درمیانے سے تیز درجے کی بارش متوقع ہے۔ ڈیپ ڈپریشن جنوب مغرب کی سمت بڑھ رہا ہے، ڈیپ ڈپریشن گوادر سے ہوتا ہوا عمان کی جانب بڑھ جائے گا۔ ڈیپ ڈپریشن اس وقت کراچی سے 160، ٹھٹھہ سے 140 کلو میٹردور ہے۔ ممکنہ سمندری طوفان کا رخ مکران کی ساحلی پٹی پر ہے۔
ادھر کمشنر کراچی نوید شیخ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکس کے مطابق موجودہ موسم کی ہنگامی صورتحال کے باعث آج (جمعہ کو) کراچی میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ نوٹیفیکشن کے مطابق جمعہ کو کراچی میں لازمی سروسز والے اداروں اور بارشوں کی ایمر جنسی میں خدمات انجام دینے والے سرکاری اداروں کے علاوہ تمام سرکاری دفاتر، تعلیمی ادارے اور کاروبار بند رہے گا۔ جبکہ تمام بزنس تنظیموں کا خطرناک بارش کے پیش نظر مارکیٹوں کو بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ تاجر تنظیموں کے مطابق جمعہ کو میڈیسن مارکیٹ سمیت دیگر کاروباری مراکز بھی بندھ رکھے جائیں گے۔
کمشنر کراچی نوید شیخ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ دفعہ 144 کے ذریعہ ساحل سمندر پر نہانے پر 5 اکتوبر تک پابندی ہوگی، پابندی محکمہ موسمیات کی طوفان شاہین کی پیش گوئی کے پیش نظر عائد کی گئی ہے، ہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ساحل سمند پر جانے سے گریز کریں اور پابندی پر سختی سے عمل کریں۔
دوسری جانب کمشنر کراچی نے بل بورڈز ہٹانے سے متعلق احکامات پر مبنی نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ شہر بھر کی اونچی عمارتوں سے بل بورڈز اور اشتہاری دیواروں ہولڈنگ کو ہٹائے جائیں، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔