بلوچستان میں زلزلہ: شہباز شریف اور بلاول کا قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس

Published On 07 October,2021 11:18 am

لاہور: (دنیا نیوز) قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور بلاول بھٹو نے بلوچستان میں زلزلے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔

قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں خوفناک زلزلے سے ہونے والے نقصانات پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر بے حد دکھ اور افسوس ہے، جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ اور متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہنگامی صورتحال کا تقاضا ہے کہ وفاق بلوچستان میں بھرپور امدادی کارروائیاں کرے، ہیلی کاپٹرز کے ذریعے شدید زخمیوں کو ملک کے دیگر ہسپتالوں میں منتقل کیا جائے تاکہ زندگیاں بچ سکیں، وفاقی حکومت امدادی کارروائیوں میں قائدانہ کردار ادا کرے، ہنگامی امداد کے ادارے بھرپور طور پر متحرک ہوں۔

بلاول بھٹو زرداری نے بھی ہرنائی میں آنے والے زلزلے میں انسانی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت زخمیوں کی زندگی بچانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے، وفاقی اور بلوچستان حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کو معاوضہ ادا کرے، پیپلزپارٹی بلوچستان کی قیادت زلزلہ متاثرین کی مدد کریں۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے ہرنائی میں زلزلے سے انسانی جانوں کے نقصان اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاق اور بلوچستان حکومت زلزلے سے متاثرہ افراد کی ہر ممکن مدد کرے، زلزلے کی وجہ سے زخمی ہونے والوں کو بہتر علاج پر توجہ دی جائے۔
 

Advertisement