پشاور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کا کہنا ہے کہ حکومت کے اپنے بحری جہازوں کی تعداد 11 ہے، مزید چار جہاز خریدے جائیں گے، کنٹینرز چارچز کے متعلق ایکشن لیا ہے، تاجر بہت جلد اچھی خبریں سنیں گے۔
پشاور میں سرحد چیمبر آف کامرس میں تاجروں سے خطاب میں وفاقی وزیر علی زیدی کا کہنا تھا کہ حج و عمرہ کے لئے فیری سروس کی اجازت مل گئی ہے، پورٹ ٹرمینل پر کام جاری ہے، بہت جلد حج و عمرہ کے زائرین کے لئے کراچی سے فیری سروس کا آغاز ہو جائے گا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملکی حالات اب بہتر ہیں، کوشش کر رہے ہیں کہ کاروبار کے حالات بھی بہتر ہوں، بلوچستان کے ساحل دنیا کے خوبصورت ترین میں سے ایک ہے، دنیا کے دیگر پورٹس میں پیسے زیادہ ملتے ہیں اور اسی وجہ سے پاکستانی باہر چلے جاتے ہیں۔
علی زیدی نے کہا کہ وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ ایک جامع ٹرانزٹ پالیسی بنائی جا رہی ہے، جس سے مقامی تاجروں کا فائدہ ہوگا۔