اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے سرجیکل سٹرائیکس کے بیان کی مذمت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق بھارتی وزیر داخلہ کا بیان آر ایس ایس نظریہ کی عکاسی اور سیاسی مصلحت کو ظاہر کرتا ہے، بھارتی وزیر داخلہ کا بیان پاکستان دشمنی پر مبنی ہے، بھارتی وزیر داخلہ کا بیان مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیان بھارت میں اقلیتوں سے روا سلوک سے توجہ ہٹانے کی بھی کوشش ہے، پاکستان امن پسند ملک ہے، کسی بھی قسم کی جارحیت ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، 2019 میں بالاکوٹ بھارتی غلط فہمی کا بھرپور جواب اسکی مثال ہے، بھارتی فوج کا طیارہ مار گرانا اور پائلٹ کو پکڑنا پاکستان فوج کی ہمہ وقت تیاریوں کا ثبوت ہے۔