پیپلز پارٹی کا آج پاور شو،ملکی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا:مراد علی شاہ

Published On 17 October,2021 05:57 pm

کراچی:(دنیا نیوز)سانحہ 18 اکتوبر کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے پیپلز پارٹی کراچی میں آج پاور شو کرے گی جس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ آج کراچی میں ملکی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا، ملک میں عوام کی حکمرانی پیپلز پارٹی کا عزم ہے،ہم کسی کے کہنے پر نہیں چلیں گےاور قوم کو موجودہ بھیانک دور سے نجات دلائیں گے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ آج کا جلسہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا، بلاول بھٹو زرداری جلسے سے خطاب کریں گے، ملک میں مہنگائی کا طوفان ہے، تحریک انصاف کی حکومت میں ریکارڈ مہنگائی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ بلاو ل بھٹو اس بھیانک دور سےعوام کو نجات دلائیں گے اور ملک میں عوام کی حکمرانی ہوگی،کسی کےکہنےپر نہیں چلیں گے۔

خیال رہے کہ سانحہ 18 اکتوبر کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے پیپلز پارٹی کراچی میں آج جلسہ کرے گی جس سے چیئرمین پی پی سمیت مرکزی قائدین خطاب کرینگے۔

سال 2007 جب سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹوطویل جلا وطنی کے بعد وطن پہنچیں تو شاہراہ فیصل پر کارساز کے مقام پر یکے بعد دیگرے دو ہولناک دھماکوں نے تمام خوشیاں اور جشن کو چیخ و پکار ، آنسوئوں اور ایمبولینسوں کے سائرن میں تبدیل کردیا تھا۔ افسوسناک واقعے میں ڈیڑھ سو سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ درجنوں زخمی ہوئے، ہر سال کی طرح اس سال سال بھی پیپلز پارٹی کی جانب سے کراچی میں سانحہ کارساز کے شہداء کی یاد میں جلسے کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

مزار قائدؒ سے متصل باغ جناح گراؤنڈ میں جلسے کی تیاریاں آخری مراحل میں پہنچ گئیں، 120فٹ لمبائی، 50 فٹ اونچا اسٹیج تیار کرلیا گیا جہاں چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے ہمراہ مرکزی قیادت بھی موجود ہو گی۔

پی پی رہنماؤں کے مطابق 12 ربیع الاول کے باعث اس مرتبہ جلسے کا انعقاد 17 اکتوبرکو کیا جا رہا ہے، بڑی تعداد میں جیالے جلسے میں شریک ہونگے۔

پی پی رہنماؤں کا مزید کہنا ہے کے مشکل ترین حالات کے باوجود پیپلز پارٹی کے ووٹ بنک میں اضافہ ہوا ہے، جلسے کے شرکاء کے لئے پارکنگ کے انتظامات کے ساتھ ساتھ سکیورٹی کے بھی مربوط انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ جلسہ گاہ میں خواتین کے لئے مخصوص جگہ بھی مختص کی گئی ہے۔
 

Advertisement