لاہور: (دنیا نیوز) بے بنیاد الزامات لگانے پر پاکستان کے ایک نجی ٹی وی کا پروگرام نشر کرنے والے برطانوی نشریاتی ادارے نے سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے معافی مانگ لی۔
اسحاق ڈار پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ اُن کے بینک اکاؤنٹس کا سراغ لگا لیا گیا ہے جن میں پاکستان سے چرائے گئے ایک ارب ڈالرموجود ہیں ۔ الزامات کے خلاف اسحاق ڈار نے برطانوی ہائی کورٹ سے رجوع کیا تاہم کارروائی کا آغاز ہونے سے قبل ہی برطانوی نشریاتی ادارے نے معافی مانگتے ہوئے قبول کیا کہ اسحاق ڈار کے خلاف الزامات جھوٹے، من گھڑت اور بے بنیاد تھے۔
برطانوی نشریاتی ادارے نے اسحاق ڈار کو ہتک پر ہرجانہ اور قانونی اخراجات ادا کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔