لاہور: (دنیا نیوز) نان اسٹاپ مہنگائی کے خلاف پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ سڑکوں پر آگئی۔ لاہور، قصور اور مری سمیت دیگر شہروں میں بھی میدان لگایا گیا،سرگودھا،بہاولپور،لاڑکانہ ،سکھراور کرک سمیت کئی مقامات پر حکومت کے خلاف احتجاج کئے گئے جبکہ نون لیگ نے مہنگائی کے خلاف احتجاج کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔
بے قابو مہنگائی کے خلاف پی ڈی ایم سڑکوں پرنکل آئی ،چھوٹے بڑے شہروں میں ملک گیر احتجاج کیا گیا جبکہ جگہ جگہ ریلیاں اور جلوس میں حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی کی گئی۔مظاہرین کا کہناتھا حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل بن چکا ہے۔
قصور میں ن لیگ کی جانب سے ریلی نکالی گئی ،بہاولپور میں پی ڈی ایم نے مہنگائی کے خلاف احتجاج کیا، کارکنوں کا کہناتھا کہ بے حس حکمرانوں کو عوام کاخیال نہیں جبکہ ڈیرہ غازی خان میں ریلی نکالی گئی ،جس میں کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
نون لیگ کی جانب سے خانیوال اور سیالکوٹ میں کل میدان لگے گا، گوجرانوالہ، گجرات، ساہیوال اور ملتان میں 24 اکتوبر کو مظاہرے ہوں گے۔
مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر راناثناءاللہ نے پنجاب میں مہنگائی کے خلاف عوامی احتجاجی مظاہروں کا شیڈول جاری کیا۔ ڈاکٹرز، لیبر اور تاجر سمیت تمام تنظیموں اور ونگز کو ہدایات جاری کر دی گئیں۔ جس میں کہا گیا کہ تمام مظاہروں میں عوامی شرکت کو یقینی اور حکومتی نااہلی، کرپشن، مہنگائی پہ عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہوا جائے۔
لیگی رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران نیازی حکومت سے نجات سے ہی مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تباہی سے قوم کو نجات مل سکتی ہے، یہ ظالم، کرپٹ اور نالائق حکومت جائے تو ہی عوام کو مہنگائی سے ریلیف ملے گا، ظالم حکمرانوں کو گھر بھجوانے کے لئے عوام گھروں سے نکلیں، اس گرتی ہوئی دیوار کو آخری دھکا دیں۔
ملتان میں 24 اکتوبر اتوار کو دوپہر 2 بجے چوک حسین آگاہی سے احتجاجی جلوس نکلے گا۔ سیالکوٹ میں ہفتے کے روز 3 بجے چوک علامہ اقبال میں مہنگائی کے خلاف احتجاج ہوگا۔ 23 اکتوبر کو سنگلا نوالہ چوک خانیوال میں احتجاجی مظاہرہ ہوگا۔ گوجرانوالہ پریس کلب کے سامنے اتوار کو 3 بجے احتجاج ہوگا۔ گجرات میں اتوار کے روز پریس کلب کے سامنے احتجاج ہوگا۔ 24 اکتوبر چوک حسین آگاہی ملتان میں احتجاجی مظاہرہ ہوگا۔
دوسری جانب قائد حزب اختلاف و مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے عوام سے مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاجی مظاہروں میں بھرپور شرکت کی اپیل کر دی۔ انہوں نے پارٹی کو جاری ہدایات میں کہا کہ مرکز، صوبے اور اضلاع میں پارٹی رہنما شہری و کارباری تنظیموں اور عوامی انجمنوں کے ساتھ اشتراک عمل کو یقینی بنائیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری، معاشی تباہی کے خلاف احتجاجی مظاہروں میں عوام بھرپور شرکت کر کے حکومت پر عدم اعتماد کریں، حکومت کو مزید وقت دینے کا مطلب عوام کی مزید تباہی، مزید مہنگائی، مزید بے روزگاری ہے۔