اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) آج ملک بھر میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی طرف سے مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں کا آغاز کیا گیا ہے، 20 اکتوبر کو بھی مسلم لیگ ن نے راولپنڈی میں اپنا پہلا پاور شو کیا۔
اسی تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے پاکستان ڈیمو کریٹک آج ملک بھر میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کرے گی۔ لاہور، پشاور، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، بھکر، جھنگ، جوہر آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں شیڈول جاری کر دیا
مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق لاہور میں جین مندر چوک سے نماز جمعہ کے بعد احتجاجی جلوس کا آغاز ہو گا۔ کراچی میں ایمپریس مارکیٹ سے 3 بجے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا، میانوالی، بھکر میں 24 اکتوبر کو احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔
پی ڈی ایم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمد اللہ نے کہا کہ صوبائی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی، پنجاب، بلوچستان، کے پی، سندھ اور اسلام آباد کی سطح پر کمیٹیاں ہوں گی، صوبائی کمیٹیاں اضلاع کے ساتھ مشاورت کرکے مظاہروں کے مقامات کا تعین کریں گی۔
حافظ حمداللہ نے کہا کہ حکومت کیخلاف آج سے شروع ہونے والے مظاہروں کا دورانیہ دو ہفتوں کا ہے جو وقت کے ساتھ بڑھایا جاسکتا ہے، پی ڈی ایم کی قیادت اور ممبران پارلیمنٹ مظاہروں میں زیادہ سے زیادہ شرکت کریں گے ۔