انتخابات مقررہ وقت کے بجائے ایک سال آگے بھی جاسکتے ہیں: مولانا فضل الرحمان

Published On 01 December,2022 10:56 pm

کراچی: ( دنیا نیوز ) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ انتخابات مقررہ وقت پر کرنے کے بجائے ایک سال آگے بھی جاسکتے ہیں۔

شاہ اویس نورانی کی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اسمبلیاں توڑنے کی بھڑکیں بہت سنی ہیں مگر ایسا ایسا کچھ نہیں ہے، ملک دیوالیہ پن کے قریب تھا ہم اسے واپس لائیں گے، انتخابات وقت پر کرنے کے بجائے ایک سال آگے بھی جاسکتے ہیں، جتنی بھڑکیں انہوں نے ماری کیا ان پر عمل ہو رہا ہے؟، عمران خان ہماری نقالی کررہا ہے۔

پی ڈی ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان ایک مقدس دستاویز ہے جسے میثاق ملی کی حیثیت حاصل ہے، آئین خود کہتا ہے کہ اس آئین کا بنیادی ڈھانچہ چار باتوں پر مشتمل ہے، ملک میں 1973 تک صدارتی نظام رائج تھا، ایوب خان کے دور حکومت میں ملک بھر میں تحریک اٹھی تھی، عمران خان کا ایجنڈا پورا نہیں ہونے دیں گے، عمران خان کب تک عوام کو دھوکہ دیتے رہیں گے، ہم نے یہاں بھی جلسے کئے عوام امڈ آئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی وحدت کو پارہ پارہ کرنے کی اجازت نہیں دینگے، ہر کسی کو چور چور کہنے کا بیانہ فیل ہوگیا ہے، پہلی دفعہ دفاعی اداروں کو تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی، تخریب کی ذمہ دار جماعت کو ملک کی تعمیر میں نہیں رکھیں گے، اختلاف کا سب کو حق ہے سازش کا کسی کو حق نہیں۔
 

Advertisement