اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت کالعدم جماعت کے احتجاج پر متحرک ہوگئی۔ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر شیخ رشید لاہور پہنچ گئے۔ حکومتی کمیٹی آج لاہور میں کالعدم جماعت سے مذاکرات کرے گی۔ نورالحق قادری اور راجہ بشارت بھی کمیٹی میں شامل ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی زیر صدارت لاہور میں اہم اجلاس ہوا، جس میں ملک بھر کی صورتحال پر غور کیا گیا۔ اعلیٰ سطح اجلاس میں نور الحق قادری، علی امین گنڈا پور، راجہ بشارت، آئی جی پنجاب اور دیگر بھی موجود تھے۔ وزیر داخلہ شیخ رشید کو کالعدم تنظیم مارچ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
ادھر اسلام آباد میں کالعدم جماعت کے ممکنہ احتجاج سے نمٹنے کیلئے وزارت داخلہ نے ہنگامی اقدامات شروع کر دیئے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت کو احتجاجیوں سے محفوظ رکھنے کیلئے دیگر صوبوں سے بھاری نفری طلب کرلی گئی۔ پنجاب، آزادکشمیر اور کے پی کے سے پولیس کے 30 ہزار جوان مانگے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پنجاب، کے پی کے اور کشمیر سے10، 10 ہزار جوان و افسران طلب کئے گئے ہیں۔ تینوں صوبوں کو نفری کے ساتھ دنگا فساد سے نمٹنے کا سامان بھی ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وفاقی وزارت داخلہ نے نفری اسلام آباد پہنچانے کیلئے تینوں سیکرٹریز کو مراسلے بھجوا دئیے۔ وفاقی دارالحکومت کو مظاہرین سے ہر صورت محفوظ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔