سپریم کورٹ نے سندھ ریونیو کو تمام قبضے ختم کرانے کا حکم دے دیا

Published On 26 October,2021 03:14 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے سندھ ریونیو کو تمام قبضے ختم کرانے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ابھی بھی بڑے پیمانے پر ریونیو اراضی پر قبضے ہیں۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں ریونیو ریکارڈ کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے اینٹی انکروچمنٹ سیل کو فعال بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری اراضی پر جہاں بھی قبضہ ہو، خالی کرایا جائے۔ سندھ بھر کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو فوری کارروائی کی ہدایت کر دی۔ کے پی کے اور بلوچستان کا ریکارڈ بھی کمپیوٹرائزڈ کرنے کی ہدایت کی۔

پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی میں گرین بیلٹ پر گرڈ سٹیشن سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس نے کہا آپ کے اپنے گھر بھی تو گرین بیلٹ پر ہیں۔ عدالت نے بلاک 6 کی گرین بیلٹ مکمل کلئیر کرانے اور اس پرآنے والے تمام
گھر گرانے کاحکم دے دیا۔ کے الیکٹرک گرڈ اسٹیشن کو بھی ختم کرنے کا حکم دیا۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے سول ایوی ایشن اراضی کیس میں سی اے اے کو کمرشل سرگرمیوں سے روک دیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ شادی ہالز چلانا سول ایوی ایشن کا کام نہیں۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی صرف اپنے کام کرے۔
 

Advertisement