اسلام آباد: (دنیا نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری آئندہ مہنگائی کے حوالے سے جلوس نکالیں تو وزیراعلیٰ سندھ آفس کے سامنے احتجاج کریں۔
وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ کل وزیراعظم قوم سے خطاب کریں گے۔ وزیراعظم نے الیکشن ریفارمزپراتحادیوں کواعتماد میں لیا۔ اتحادیوں نے یقین دہانی کرائی وہ اصلاحات کے معاملے پرحکومت کے ساتھ ہیں، موجودہ حکومت انتخابی اصلاحات کے حوالے سے پرعزم ہے۔ اصلاحات کے بغیرشفاف الیکشن ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں گورننس کوبہترکرنے کی ضرورت ہے۔ پنجاب اورسندھ میں اشیائے کی قیمتوں میں بڑا فرق ہے، پنجاب میں چینی 90، کراچی میں 120 روپے کلو ہے، سندھ حکومت سے قیمتیں کنٹرول نہیں ہورہی، سندھ حکومت نے گندم کو تاخیرسے ریلیز کیا، بلاول آئندہ مہنگائی کے حوالے سے جلوس نکالیں تو وزیراعلیٰ سندھ آفس کے سامنے نکالیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ علاقائی ممالک میں غربت کی شرح پاکستان سے زیادہ ہے، ہم علاقائی ممالک سے مہنگائی کا تقابل کرتے ہیں، پاکستان میں اشیا علاقائی ممالک سے اب بھی سستی ہیں، پٹرول کی قیمت بھارت اوربنگلادیش کے مقابلے میں کم ہے، پاکستان میں تیل خطے کے ممالک کے مقابلے میں سستا ہے۔
نیوز کانفرنس کے دوران صحافی کی طرف سے سوال پوچھا گیا کہ کالعدم جماعت سےمعاہدہ کس نے کرایا جس پر فواد چودھری نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ معاہدے کے بارے میں شاہ محمود قریشی بتائیں گے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے ریمارکس کے بعد صدرمملکت کوچیئرمین نیب کوہٹانے کا اختیاردیا گیا، نیب اختیارات کوفریم ورک میں لانے کی ضرورت ہے، نیب کوچاہیے وہ بڑے کیسزپردھیان رکھے ۔