مذہبی جماعت کی قیادت و کارکنان پر مختلف شہروں میں مقدمات درج

Published On 14 October,2025 12:10 pm

راولپنڈی، فیصل آباد: (دنیا نیوز) مذہبی جماعت کے احتجاج پر قیادت و کارکنان پر لاہور، راولپنڈی اور فیصل آباد میں مقدمات درج کر لیے گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق لاہور میں مذہبی جماعت کے احتجاج کے دوران توڑ پھوڑ کے معاملے پر اب تک 20 مقدمات درج کیے جاچکے ہیں، زیادہ تر مقدمات پولیس کی مدعیت میں درج کیے گئے ہیں۔

 یہ مقدمات مختلف تھانوں میں درج کیے گئے ہیں، مقدمات میں دہشت گردی، قتل، اقدام قتل، اغوا، ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ سمیت دیگر سنگین دفعات شامل ہیں۔

راولپنڈی میں مذہبی جماعت کے رہنما سعد رضوی سمیت مقامی قیادت و کارکنان پر مقدمہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر درج کیا گیا، روڈ بند کرنا، سیدھی فائرنگ کرنے سمیت مزاحمت کرکے ایمونیشن چھیننے کی دفعات شامل ہیں۔

مقدمہ انسداد دہشتگری ایکٹ کی دفعات، اقدام قتل، ڈکیتی اور سازش مجرمانہ و عوام کو اکسانے وغیرہ کے تحت درج کیا گیا، مقدمے میں سعد رضوی، قاری بلال سمیت 21 رہنماؤں و کارکنوں کو نامزد اور 35 نامعلوم رکھا گیا۔

مقدمہ پولیس مدعیت میں درج کیا گیا کہ ملزمان نے چک بیلی روڈ جٹھہ ہتھیال میں چند افراد سڑک بلاک کرکے ٹائر جلا کر احتجاج کیا، سعد حسین رضوی نے کال دے رکھی تھی کہ لاہور سے اسلام آباد تک روڈ بلاک کر دیں، پنجاب حکومت نے جلسے جلوسوں پر پابندی عائد کرکے دفعہ 144 نافذ کر رکھی تھی۔

مقدمے کے متن کے مطابق قاری بلال وغیرہ 21 عہدیدران و کارکنان جو کلاشنکوف و دیگر اسحلے سمیت پٹرول بموں، کیلوں والے ڈنڈوں سے لیس تھے 35 دیگر نامعلوم کے ہمراہ عوام کو اکسا رہے تھے، ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی سیدھی فائرنگ شروع کر دی۔

متن کے مطابق قاری ابرار نے کلاشنکوف سے فائرنگ کی اور گولی کانسٹیبل عدنان کو لگی جو بلٹ پروف جیکٹ کے باعث محفوظ رہا، قاری دانش وغیرہ نے کانسٹیبل نذیر کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بناکر آنسو گیس کے 150 شیل چھین لیے اور وردی پھاڑ دی۔

دوسری طرف فیصل آباد میں تھانہ سول لائن اور جھنگ بازار میں 54 مظاہرین کے خلاف مقدمات درج کیے گئے، تھانہ سول لائن میں 23 نامزد اور 6 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔

تھانہ جھنگ بازار میں 5 نامزد اور 20 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، مقدمات میں انسداد دہشت گردی، دفعہ 144 کی خلاف ورزی، روڈ بلاک، ہوائی فائرنگ سمیت دیگر دفعات شامل ہیں۔