لاہور ضمنی انتخاب: الیکشن کمیشن کی الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے تجربہ پر مشاورت شروع

Published On 04 November,2021 12:14 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے این اے 133 لاہور کے ضمنی انتخاب میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے تجربہ پر مشاورت شروع کر دی۔ ای سی پی نے آئی ٹی ونگ کو ای وی ایمز کے استعمال کرنے کے لئے سفارشات تیار کرنے کی ہدایت کر دی۔

ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق دستیاب مشینوں میں سے بہترین مشین کے استعمال کے لئے تجاویز دی جائیں، الیکشن کمیشن این 133 میں ای وی ایمز کے پائلٹ پراجیکٹ کا ارادہ رکھتا ہے، الیکشن کمیشن آئی ٹی ونگ نے متعدد الیکٹرانک ووٹنگ مشینیوں کی تجاویز مرتب کی ہیں، پہلے سے خریدی گئی 150 الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں بھی تجاویز میں شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق پرانی الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کو مزید اپڈیٹ کر کے استعمال میں لایا جاسکتا ہے۔ 11 نومبر کو ای وی ایم بنانے والی غیر ملکی کمپنی ریلائنس بھی اپنی تیار کردہ مشین پر الیکشن کمیشن کو بریفنگ دے گی۔ آئی ٹی ونگ کی تجاویز پر این اے 133 کے چند پولنگ اسٹیشنز میں ای وی ایم کے تجربہ کرنے کا حتمی فیصلہ الیکشن کمیشن کریگا۔ این اے 133 میں ضمنی انتخاب 5 دسمبر کو شیڈول ہے۔
 

Advertisement