کراچی: (دنیا نیوز) شیری رحمان نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمتوں میں 1.6 فیصد کمی آئی ہے، مہنگائی سرکار تیل میں قیمتوں میں کمی کا اعلان کب کرے گی؟۔
پیپلز پارٹی کی مرکزی نائب صدر و سینیٹر شیری رحمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرول اور ڈالر کی قیمت میں اضافے سے ہفتہ وار مہنگائی کی شرح مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 17.37 فیصد کی ریکارڈ لیول پر پہنچ چکی ہے، ہفتے کے دوران 30 سے زائد اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
شیری رحمان نے کہا کہ ڈالر 1 روپے 80 پیسے کے اضافے سے بلند ترین سطح 176 روپے تک پہنچ گیا، دوسری طرف 3 سال میں تباہی سرکار نے 16 ہزار ارب روپے کا قرضہ لیا ہے، بڑھتی ہوئی مہنگائی، قرضوں، ڈالر اور تیل کی قیمتوں میں اضافہ قابل تشویش ہے۔