افغان صورتحال خراب ہوئی تو دہشتگرد تنظیمیں فائدہ اٹھائیں گی: فواد چودھری

Published On 12 November,2021 11:28 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چودھری نے کہا ہے کہ افغان صورتحال خراب ہوئی تو دہشتگرد تنظیمیں فائدہ اٹھائیں گی، افغانستان میں پیدا صورتحال سے پورا پاکستان متاثر ہوتا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے غیر ملکی سفارت خانوں کے پریس اتاشیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت افغان عوام غربت کی زندگی گزار رہے ہیں، دنیا کو افغانستان کے عوام کی مدد کے لئے آگے آنا ہوگا، ایسی ویڈیوز آ رہی ہیں جن میں بتایا جا رہا ہے کہ معصوم بچوں کو خوراک کے لئے فروخت کیا جا رہا ہے، افغانستان میں پیدا شدہ صورتحال سے پورا پاکستان متاثر ہوتا ہے، ہم افغانستان میں ایک جامع حکومت چاہتے ہیں لیکن دوسری جانب ہمیں افغانستان میں انسانی المیہ پر تشویش ہے۔

فواد چودھری نے کہا کہ ہم افغانستان میں جاری صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، افغانستان 40 ملین آبادی کا ایک بڑا ملک ہے، افغانستان کے بارے میں اکانومسٹ کی حالیہ رپورٹ پریشان کن ہے، افغانستان میں صورتحال خراب ہونے کی صورت میں القاعدہ، داعش، کالعدم ٹی ٹی پی افغانستان میں اپنے مراکز قائم کر سکتی ہیں، ہم ایسی صورتحال سے بچنا چاہتے ہیں جس کے لئے افغانستان میں استحکام ناگزیر ہے۔
 

Advertisement