پی ڈی ایم کے احتجاج کا مستقبل پہلی تحریکوں سے ہرگز مختلف نہ ہوگا: فواد چودھری

Published On 06 November,2021 09:35 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ مولانا فصل الرحمان کی امامت میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے احتجاج کا مستقبل پہلی تحریکوں سے ہرگز مختلف نہ ہوگا

پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے اجلاس کے بعد رد عمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ناکام اور عوام سے مسترد شدہ سیاسی بیروزگاروں نے سیاسی آکسیجن حاصل کرنے کیلئے آج ایک اور بیٹھک لگائی۔ بارہا انہیں سمجھایا کہ سیاست میں اپنی جگہ بنانے کیلئے اجلاسوں کی تاریخیں نہیں، اپنے لچھن بدلیں۔ انہیں یہ بھی سمجھایا کہ عوام کے دلوں تک کا راستہ سازشوں سے نہیں اپنے کرتوتوں سے توبہ کرکے ہموار کیا جاسکتا ہے، مگر سیاسی بے روزگاروں کی انجمن کا فیصلہ ہے پاکستان میں کسی اچھے کام کا حصہ نہیں بنیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا کی امامت میں انکے احتجاج کا مستقبل پہلی تحریکوں سے ہرگز مختلف نہ ہوگا، معیشت کی تباہی کی بنیاد رکھ کر یہ جس غریب عوام پر عرصہ حیات تنگ کر کے گئے وزیراعظم مسلسل ان کے دکھوں کا مداوا کرنے میں مصروف ہیں، 120 ارب کے تازہ ترین ریلیف پیکیج کے سامنے آتے ہی گروہ کو اپنا مستقبل مستقل تاریکیوں کی نظر ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ وزیراعظم کے اعلان کردہ پیکیج سے اشیائے ضروریہ رعایتی نرخوں پر عوام کو دستیاب ہوں گی۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ آج کی بیٹھک کا دوسرا بڑا فیصلہ ہے کہ انتخابات میں شفافیت کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، یہ گروہ چاہتا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی کے دروازے کھلے رہیں تاکہ ان کی بقاء کے امکانات زندہ رہیں، انہیں انتخابی نظام کی تطہیر اور معیشت کی تعمیر میں رکاوٹ بننے دیں گے نہ اس ایجنڈے سے پیچھے ہٹیں گے، یہ بازو ہمارے آزمائے ہوئے ہیں کسی دھونس اور دھمکی سے مرعوب نہیں ہوں گے۔

Advertisement