لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ کالعدم تنظیم کی طرف سے شہید کیے گئے پولیس اہلکاروں کے مجرموں کی حوالگی تک مذاکرات نہیں ہو سکتے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں لکھا کہ واضع کر چکے ہیں جب تک کالعدم جماعت کے لوگ سڑکیں خالی نہیں کرتے اور پولیس کو شہید کرنیوالے مجرموں کو اداروں کے حوالے نہیں کیا جاتا کوئی مذاکرات نہیں ہو سکتے۔
انہوں نے کہا کہ محبِ وطن لوگ اس احتجاج سے خود کو لاتعلق کریں، اپنے گھروں کو لوٹ جائیں اور ریاست کیخلاف دہشت گردی کا حصہ نہ بنیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل کالعدم جماعت کے احتجاج کے بعد وزیراعظم عمران خان نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ کالعدم جماعت کی غیر قانونی سرگرمیوں سے پیدا ہونیوالی صورتحال کے پیش نظر وزیر اعظم عمران خان نے کل قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ہے۔
ٹویٹر پر انہوں نے لکھا کہ اس اجلاس میں قومی سلامتی سے متعلق دیگر امور بھی زیر غور آئیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس جمعہ کو 12 بجے ہو گا۔ مسلح افواج کے سربراہان اجلاس میں شریک ہوں گے، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی آئی بی بھی شریک ہوں گے، وفاقی وزراء بھی قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید اور وزیر نور الحق اجلاس کو بریفنگ دیں گے، وزیر داخلہ موجودہ صورتحال پر قومی سلامتی کمیٹی کو اعتماد میں لیں گے، احتاجی مظاہرین سے نمٹنے کی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا، کالعدم تنظیم کی غیرقانونی سرگرمیوں سے متعلق بریفنگ دی جائے گی، کالعدم تنظیم کے احتجاج سے متعلق کابینہ کےفیصلوں پر بریفنگ دی جائے گی، قومی سلامتی سےمتعلق دیگراموربھی غورکیا جائے گا۔