سارے معاملات طے ہو چکے، وزیراعظم، آرمی چیف کی ملاقاتیں انہونی بات نہیں: فواد

Published On 18 October,2021 06:59 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں، یہ کوئی انہونی بات نہیں ہے، سارے معاملات طے ہو چکے ہیں کوئی مسئلے والی بات نہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں، یہ کوئی انہونی بات نہیں ہے، آج بھی وزیراعظم،آرمی چیف کے درمیان ملاقات ہوئی، یہ سارے معاملات طے ہو چکے ہیں کوئی ایسی ایشووالی بات نہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ اپوزیشن کا کام ہی یہی ہے ہر کام میں لُٹ گئے، برباد ہو گئے کرنا ہے، ہم کوئی علیحدہ سیارے میں نہیں رہتے پوری دنیا میں تیل کی قیمتیں اوپر جا رہی ہیں، اگر دنیا میں تیل کی قیمتیں کم ہونگی تو پاکستان میں بھی کم ہوجائیں گی۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ہر وقت لوگ سیاسی شعبدہ بازی میں لگے رہتے ہیں، ایسے سیاسی شعبدہ بازوں کو لوگ مذاق کے طورپرلیتے ہیں، شہبازشریف، احسن اقبال سمیت باقی سارے لوگ یا توتیل کی قیمتوں کو نیچے کرنے کا کوئی حل بتادیں۔ آٹے کی قیمتوں میں کمی آئی ہے ، صرف سندھ میں آٹا مہنگا ہے۔ حکومت گھی، گندم، بجلی پر سبسڈی دے رہی ہے ، پورا ملک سبسڈی پر نہیں چلایا جا سکتا، مسئلہ حل ہو گیا۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن الیکشن اور نیب ریفارمز پر بات چیت کرے، مولانا صاحب نے جتنا استعمال ہونا تھا وہ ہوگئے، اب وہ گھس گئے اور چلی ہوئی کارتوس کی طرح انکی حالت ہے، مولانا کو مشورہ ہے انکی سیاست ختم ہو گئی وہ اب رینٹ اے کراوڈ کا کام کرے،

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ہر مسئلے پر 24 گھنٹے سیاست نہیں کی جاتی، پہلے ان کی کوشش تھی کہ فوج اور حکومت کے درمیان اختلاف ہو جائے، صبح سے رات تک عمران خان کو براکہہ کر اقتدار میں اپوزیشن آگے نہیں آ سکتی، ڈیل نہیں ہوئی تو پھر فوج کیخلاف تنقید شروع کردی گئی۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ قران پاک کو سب سے پہلے خطاط نے لکھا ہے ، حکومت اس عشرے کو رحمت اللعالمین سے منصوب کر چکی ہے، آج مجھے بڑا افسوس ہوا ریبع الاول کا مہینہ ہے، آج قومی اسمبلی میں سیرت نبویﷺ پر تقریریں ہونا تھیں، اپوزیشن سیرت نبوی ﷺ سیشن کا ہی بائیکاٹ کر کے چلی گئی، اپوزیشن کوتواحتجاج کرنے کا بہانہ چاہیے۔
 

Advertisement