اسلام آباد: (دنیا نیوز ):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ 1100 ارب روپے رورل اکانومی میں منتقل ہوئے، شہروں کی نسبت دیہات کے لوگ زیادہ خوشحال ہیں، شہروں میں مہنگائی کے مسائل زیادہ ہیں، مسئلہ سے نمٹنے کے لئے ہمیں اپنی آمدن میں اضافہ کرنا ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کاروباری خواتین ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں، خواتین کی معاشی سرگرمیوں میں شرکت کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا، خواتین ہماری آبادی کا پچاس فیصد حصہ ہیں، اگر آبادی کا ایک بڑا حصہ کام نہیں کرے گا تو ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ ہمیں معاشی سرگرمیوں میں خواتین کو شریک کرنا ہوگا، تبھی یہ ملک ترقی کر سکے گا۔
فوا دچودھری کا کہنا تھا کہ ہنرمند اور تعلیم یافتہ خواتین اپنی کمپنیاں تشکیل دے سکتی ہیں، ان کے لئے فنانس کی سہولت دستیاب ہے، حکومت بھی کئی پروگراموں میں خواتین کو مالی اعانت مہیاکر رہی ہے۔
مہنگائی کا مقابلہ آمدن بڑھا کر کیا جا سکتا ہے، فواد چودھری#DunyaNews #DunyaVideos pic.twitter.com/34tKTWJZnO
— Dunya News (@DunyaNews) November 4, 2021
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نئے احساس پروگرام میں پانچ لاکھ روپے تک کے قرضے دستیاب ہیں، خواتین اپنا کاروبار قائم کریں، کاروبار ہوں گے تو روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ وزیراعظم نے جو ریلیف پیکیج دیا ہے اس کا مقصد 31 ہزار روپے سے کم آمدن والے افراد کو آٹا، دال اور گھی پر 30 فیصد سبسڈی دینا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آمدن کم ہونے سے مہنگائی کے مسائل حل اور عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں کم نہیں ہوں گی، اس لئے مہنگائی کا مقابلہ کرنے کے لئے آمدن میں اضافہ ناگزیر ہے۔ 1100 ارب روپے رورل اکانومی میں منتقل ہوئے، آج شہروں کی نسبت دیہات کے لوگ زیادہ خوشحال ہیں، شہروں میں مہنگائی کے مسائل زیادہ ہیں، اس مسئلہ سے نمٹنے کے لئے ہمیں اپنی آمدن میں اضافہ کرنا ہوگا۔