اسلام آباد: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو نے کہا کہ پی ڈی ایم میں واپسی پر بات نہیں ہوئی، پارلیمنٹ کا مشترکہ سیشن رات کے اندھیرے میں موخر کیا گیا، اپوزیشن نے متحد ہو کر حکومت کی سازش کو ناکام بنایا۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ میں اپوزیشن کا ایک بل کامیاب ہوا، پارلیمان میں اتحاد کی وجہ سے اپوزیشن کا بل پاس ہوا، آئندہ بھی متحد ہو کر حکومت کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے، یہ سب متحدہ اپوزیشن کی حکومت کیخلاف کامیابی ہے، سیاسی جماعتوں نے پوری قوت سے حکومتی کوشش ناکا م بنا دی، پارلیمان سے باہر اتحاد پر کوئی بات نہیں ہوئی، حکومت کو پارلیمان میں شکست کا سامنا ہے۔
فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ بلاول کی آمد خیر سگالی اور اچھے تعلقات کا اظہار ہے، پی ڈی ایم کا صدر ہوں، اکیلے فیصلے نہیں کرتا، ہم جعلی اکثریت کو تسلیم نہیں کرتے، قوم کو ووٹ کا حق واپس کیا جائے، حکومت کو متحد ہو کر شکست دی جائے گی، جعلی حکومت کو بہت جلد گھر بھیجیں گے، اپوزیشن کا اتحاد وقت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت جعلی ہے، اسے اصلاحات کا حق نہیں، اپوزیشن جعلی حکومت کے ہتھکنڈوں کو ناکام بنا رہی ہے، جعلی اکثریت سے قانون سازی کی گئی تو یہ آمرانہ اقدام ہوگا، ہمارا مطالبہ ہے کہ شفاف انتخابات کرائے جائیں، چوری شدہ مینڈیٹ پر حکومت قابل قبول نہیں۔
قبل ازیں چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی صورت حال اور حکومت مخالف تحریک پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے مہنگائی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ ملاقات میں یوسف رضا گیلانی اور قمر زمان کائرہ بھی موجود تھے۔
اس موقع پر چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ حکومت کی پارلیمان میں حالیہ شکست اپوزیشن کی بڑی کامیابی ہے، آپ بزرگ سیاستدان ہیں، 3 نسلوں سے ہمارا رشتہ ہے، پارلیمان میں مشترکہ لائحہ عمل مزید کامیابیوں کا سبب بن سکتا ہے، پارلیمان کے ذریعے ہی حکومتی پالیسیوں کو ناکام بنایا جاسکتا ہے۔