فضل الرحمان نے کروڑوں کی کرپشن کے باوجودقوم سے معافی نہیں مانگی: شہباز گل

Published On 04 September,2021 06:51 pm

فیصل آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہاکہ انہیں پاک فوج کے بارے میں فضل الرحمن کے خیالات سن کر شدید رنج اور ان کے بیان سے بہت تکلیف ہوئی جو قومی اداروں پر تنقید کرکے اپنی کرپشن چھپانا چاہتے ہیں اور اگرچہ وہ خود کومولانا کہلواتے ہیں مگر ان میں کوئی بات مولانا والی نہیں اور انہوں نے کروڑوں روپے کی کرپشن کرنے کے باوجودقوم سے معافی نہیں مانگی، وہ وکٹ کے دونوں طرف کھیلنا چاہتے ہیں لہٰذا انہیں چاہیے کہ وہ وکٹ کے ایک طرف کھیلیں۔

غلام محمد آباد فیصل آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے بڑے پیمانے پر ملکی دولت کو لوٹااور اندرون و بیرون ملک جائیدادیں بنائیں مگر اس پر انہیں کوئی شرمندگی نہیں ہے۔ مولانانے خیبر پختونخوا میں زمینیں لیں، لوٹ مار اور کرپشن کی کمائی سے دبئی میں فلیٹ لیا، ڈیرہ اسماعیل خان میں گھر اور 5 ایکڑ اراضی رشوت میں لی، ایف ایٹ اسلام آباد میں قیمتی پلاٹ لیا، پشاور، کراچی، کوئٹہ میں فلیٹ اور دوکانیں لیں، شورکوٹ جھنگ میں گھر اور 5ایکڑ زرعی اراضی لی، چک شہزاد اسلام آباد میں 3 ارب روپے سے زائد مالیت کی پراپرٹی خریدی، گل وزیر اور اسکے صاحبزادوں کو فرنٹ مین رکھا ، کرپشن پرانہوں نے قوم سے معافی نہیں مانگی۔

شہباز گل کا کہنا تھا کہ اب جب قومی احتساب بیورو نے ان سے ان کی کرپشن کی بابت پوچھ گچھ کیلئے بلایا ہے تو وہ کہتے ہیں کہ میں نیب میں پیش نہیں ہوں گا کیا وہ کوئی مقدس گائے ہیں یا وہ پاکستانی نہیں لہٰذا وہ واضح کرتے ہیں کہ اب یہاں طاقتور کیلئے الگ اور کمزور کیلئے الگ قانون نہیں چلے گا اور مولانا کو بھی دوسروں کی طرح اپنے کئے کا حساب دینا ہوگا۔

انہوں نے جنگ ستمبر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 965 1کی جنگ میں ہماری افواج نے جرات و بہادری کی نئی مثالیں قائم کیں اور6 ستمبر کو پاکستانی سپوتوں نے اسلحہ اور تعداد میں کمی کے باوجود دشمن کو پسپا کیااور طاقت کے نشے میں چور دشمن کو ناکوں چنے چبوائے۔ ہر سال ستمبر میں پوری پاکستانی قوم ہر قسم کے سیاسی، و دیگر اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر اپنے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے بلکہ پوری قوم اپنے جوانوں کے ساتھ ملک کے دفاع میں شانہ بشانہ کھڑی ہے نیزہمیں ایئر فورس اور بری و بحری افواج کے شہدا اور غازیوں پر فخر ہے لہٰذاپوری قوم کو چاہیے کہ وہ ملک پر اپنی جانیں نچھاور کر نیوالے شہدا کے گھروں پر حاضری دے۔

قبل ازیں انہوں نے پاک فضائیہ کے شہید ہمایوں سلیم کی آخری آرام گاہ پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ بعدازاں وہ شہید کی رہائش گاہ پر گئے اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کرکے ان سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔
 

Advertisement