الیکشن کمیشن پر الزامات کا معاملہ: وزیر اطلاعات فواد چودھری نے معافی مانگ لی

Published On 16 November,2021 10:32 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن کیخلاف نازیبا زبان استعمال کرنے پر وزیر اطلاعات فواد چودھری نے معافی مانگ لی۔ الیکشن کمیشن نے تحریری معافی نامہ جمع کرانے کی ہدایت کر دی جبکہ الیکشن کمیشن نے اعظم سواتی کو جواب جمع جرانے کا آخری مہلت دے دی۔

 ممبر سندھ اور بلوچستان پر مشتمل دو رکنی الیکشن کمیشن نے نازیبا کلمات اور چیف الیکشن کمشنر پر الزامات لگانے کے کیس کی سماعت کی۔ وزیر اطلاعات فواد چودھری ذاتی حیثیت میں پیش ہوئے اور کہا کہ وہ خود وکیل ہیں اور حکومتی ترجمان ہیں، بہت سارے بیانات ان کے ذاتی نہیں ہوتے، وہ جواب کے چکروں میں نہیں پڑنا چاہتے، استدعا ہے کہ معذرت قبول کرتے ہوئے نوٹس واپس لیا جائے۔ الیکشن کمیشن نے فواد چودھری سے تحریری معافی نامہ مانگتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ اس پر حکمنامہ جاری کرینگے۔

وزیر ریلوے اعظم سواتی کی طرف سے ان کے وکیل پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ اعظم سواتی سینیٹ اجلاس کی وجہ سے پیش نہیں ہوسکتے۔ الیکشن کمیشن نے ریمارکس دیئے کہ سینیٹ کا بہانہ بنایا اور جواب جمع نہیں کرایا، الیکشن کمیشن نے اعظم سواتی کو جواب جمع کرانے کی آخری مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 3 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

 

Advertisement